لاہور: پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ میں نے جو بات کی، اس پر کوئی پریشانی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی ایک امیدوار کے ساتھ مبینہ آڈیو گزشتہ روز لیک ہوئی۔ اعجاز چوہدری کو فون کرنے والے امیدوار چوہدری حفیظ نے لیک کی گئی آڈیو میں اپنا تعارف کروایا۔
شہباز شریف توہین عدالت پر نا اہل ہونگے، عمران خان
اپنے تعارف کے بعد چوہدری حفیظ کا کہنا تھا کہ میں کسی کیلئے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ لینا چاہتا ہوں، پارٹی کیلئے کتنا چندہ دینا پڑے گا؟اعجاز چوہدری نے مبینہ آڈیو میں کہا کہ عمران خان سے ملاقات کیلئے کم از کم 1 کروڑ دینا پڑے گا۔
مبینہ آڈیو لیک میں اعجاز چوہدری نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹکٹ چاہئے تو آج کل ہی عمران خان سے ملاقات کریں، پارٹی کیلئے چندے کی حد لامحدود ہے۔ دریں اثناء اعجاز چوہدری کا آڈیو لیک پر ردِ عمل بھی سامنے آگیا۔
آڈیو لیک کے متعلق اپنے ردِ عمل میں اعجاز چوہدری نے واضح کیا کہ آڈیو لیک میں ان ہی کی آواز ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آواز میری ہی ہے لیکن 3 سے 4 جوڑ لگے ہوئے ہیں۔ بات توڑ مروڑ کر جوڑی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی آڈیو لیک بھی سامنے آچکی ہے۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ میں نے جو بات کی ہے، اس پر کوئی پریشانی نہیں۔