اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ حکومت کورونا وائرس وباء کے دوران معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے 1 کروڑ 60 لاکھ لوگوں نے امدادکیلئے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے صرف 40 لاکھ لوگوں کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ باقی امدادی پیکیج کے معیار پر پورا نہیں اتر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس بحران کے دوران مستحقین کی مدد کیلئے جو پروگرام شروع کئے ہیں ان میں کوئی سیاسی مداخلت یا پسند نا پسند نہیں ہے،یہ کام حب الوطنی کے جذبے سے کیا جارہا ہے، مستحق خاندانوں تک انتہائی شفاف طریقے سے امداد پہنچائیں گے۔
فواد چوہدری نے وزیراعظم کی جانب سے تعمیراتی صنعت کیلئے بڑے پیمانے پر اعلان کردہ پیکیج کو سراہا اور کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔