جنگ بندی کے آغاز کے ساتھ ہی امدادی قافلے غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے۔
مصری ذرائع کے مطابق آج پیر کے روز 180 امدادی ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ العربیہ کے مطابق مصری ذرائع نے بتایا کہ العوجہ اور کرم ابو سالم کراسنگوں کے راستے جانے والے ان ٹرکوں میں ایندھن کے حامل 8 ٹرک بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے امدادی قافلے بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے جن میں غذائی مواد کے علاوہ فوری طبی لوازمات شامل ہیں۔ مزید کہ مصری اداروں کے اعلان کے مطابق وہ فلسطینی خواتین کے لیے مختلف نوعیت کی طبی خدمات پیش کریں گے۔
حکومت کا ایک سال، 8 فروری کو خاص دن کے طور پر منانے کا اعلان
اس سے قبل مصری ذرائع نے اتوار کے روز العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں 200 سے زیادہ امدادی ٹرک داخل ہوئے ہیں۔ ان میں 5 ٹرک ایندھن اور بقیہ غذائی اور طبی مواد پر مشتمل تھے۔
مصر کے صوبے شمالی سیناء میں ہسپتالوں کے اندر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا تا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے تمام صورتوں میں طبی سپورٹ پیش کر سکیں۔
وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ مصر کے ہسپتال زخمی اور متاثرہ فلسطینیوں کے استقبال اور علاج کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وزارت نے غزہ کی پٹی میں امداد پہنچانے کے لیے مصری ہلال احمر تنظیم اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔