اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر احسان اللہ ریکی کو وزیرِ مملکت مقرر کردیا گیا، وفاقی کابینہ اراکین کی تعداد 56 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے احسان اللہ ریکی کو وزیرِ مملکت تعینات کرنے کی منظوری گزشتہ روز دی۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ نے اپنے بیان میں احسان اللہ ریکی کی تعیناتی کی توثیق کی۔
وزیر اعظم اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے متحرک
جمعرات کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے احسان اللہ ریکی کی تعیناتی کی منظوری آئین کی دفعہ(1) 92 کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دی۔
واضح رہے کہ احسان اللہ ریکی کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ہے۔ وزیر اعظم نے احسان اللہ ریکی کی بطور وزیرِ مملکت تعیناتی کا فیصلہ مبینہ طور پر اتحادیوں کی دلجوئی کیلئے کیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سمیت دیگر سیاسی جماعتیں موجودہ پی ڈی ایم حکومت کی اتحادی ہیں جو پاکستان مسلم لیگ(ن) کا مشروط ساتھ دیتی ہیں۔
حال ہی میں ایم کیو ایم (پاکستان) نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت اتحادی حکومت کی سرکردہ جماعتوں سے شکوہ کیا تھا کہ متحدہ سے کیے گئے معاہدے کی پاسداری نہیں کی جارہی۔