امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کے مرکزی ملزم احسن شاہ کو ساتھیوں نے برآمدگی سے قبل ہی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے جس سے کیس کی تفتیش پیچیدہ رخ اختیار کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس ملزم احسن شاہ کو برآمدگی کیلئے شاد باغ لے جارہی تھی جب ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران احسن شاہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے زخمی ملزم احسن شاہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ ملزم پر امیر بالاج ٹیپو کو 18فروری کے روز شادی کی تقریب کے دوران قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ہونے والی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک امیر بالاج ٹیپو پر ایک حملہ آور نے فائرنگ کی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے نتیجے میں امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بعد ازاں پولیس نے احسن شاہ کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم سے امیر بالاج ٹیپو کے قتل پر تفتیش کی جارہی تھی جس میں شاد باغ برآمدگی اور مزید انکشافات کی توقع تھی۔