اسلام آباد: وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین نے گزشتہ اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کیا تھا کہ تحریکِ انصاف کو اقتدار دینے سے سی پیک کو نقصان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے گزشتہ اسٹیبلشمنٹ کو یہ سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ تحریکِ انصاف کو حکمرانی دینے کا تجربہ نہیں کرنا چاہئے۔
ٹیکسٹائل برآمدات میں 2ارب 81کروڑ ڈالر کی کمی
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ تحریکِ انصاف کو اقتدار دیا گیا تو اس کا نقصان سی پیک اور پاکستان کو پہنچے گا۔ جواباً اسٹیبلشمنٹ نے یقین دہانی کروائی کہ سی پیک متاثر نہیں ہوگا۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے سی پیک منصوبوں پر غیر ذمہ دارانہ الزام تراشی کی اور منصوبوں کو منجمد رکھا۔
ماضی میں بھی ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے ماضی کی حکمراں سیاسی جماعت پی ٹی آئی اور عمران خان پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ سی پیک منصوبے کو تحریکِ انصاف کے دور میں بے حد نقصان پہنچایا گیا۔
ن لیگی رہنماؤں کا ماضی میں یہ مؤقف بھی رہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمارے قریبی دوست چین کو ناراض کیا جبکہ سی پیک کے حوالے سے عمران خان دور میں حکومت کی جانب سے مثبت بیانات سامنے آتے رہے۔