اسلام آباد: سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے پی ٹی آئی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے کے دن کو یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے ٹھیک 2 سال قبل ترقی کے سفر پر بد ترین دھاندلی کا ڈاکہ ڈالا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ آج وہ یومِ سیاہ ہے جب 2 برس قبل ترقی کے قومی سفر پر بد ترین انتخابی دھاندلی کے ذریعے ڈاکہ ڈالتے ہوئے قوم کا مستقبل 6 فیصد ترقی سے منفی سمت لایا گیا۔
سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ 6 فیصد ترقی سے قوم کے مستقبل کو 1 اعشاریہ 5 فیصد تنزلی کی طرف موڑ دیا گیا اور سی پیک کو عملی دنیا سے سوشل میڈیا تک محدود کردیا گیا۔ قوم پر بد ترین مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سونامی مسلط کردیا گیا۔
آج وہ یوم سیاہ ہے جب دو برس قبل ترقی کے قومی سفر پہ بدترین انتخابی دھاندلی کے ذریعہ ڈاکہ ڈالا گیا-قوم کا مستقبل 6% ترقی سے -1.5% تنزلی کی طرف موڑ دیا گیا-سی پیک کو عمل کی دنیا سے سوشل میڈیا تک محدود کر دیا گیا-قوم پہ بدترین مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کی سونامی مسلط کر دی گئی-
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) July 25, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل سابق وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اقتدار میں آ کر شدید محنت کی تاکہ ملک کا بیڑہ غرق کیا جاسکے۔
ٹوئٹر پر6 روز قبل اپنے پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کی اپوزیشن میں پاکستان میں ہر شعبے کے بارے میں بیڑہ غرق اور ستیاناس تھیوری ہوا کرتی تھی۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے محنت کی تاکہ ملک کا بیڑہ غرق کیا جاسکے۔احسن اقبال