کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع حب میں بی اے پی رہنما آغا حبیب شاہ کی گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آغا حبیب شاہ جاں بحق جبکہ 4افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب حب میں بلوچستان عوامی پارٹی (قلات) کے رہنما آغا حبیب شاہ کی گاڑی میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ بی اے پی رہنما کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جو جانبر نہ ہوسکے۔
کراچی، ملیر میں مکان کی دیوار گرنے سے 3معصوم بچے جاں بحق
بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کا واقعہ ضلع حب میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ بم آغا حبیب کی گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا جبکہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں دھماکے کے نتیجے میں آغا حبیب شاہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ جاں بحق رہنما کی بلوچستان اور پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
صوبائی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ آغا حبیب شاہ کی شہادت نے بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے خلاف جاری جدوجہد کو توانائی بخشی ہے۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں آغا حبیب شاہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ امن سبوتاژ کرنے والوں کو نیست و نابود کردینگے۔