سندھ کے بعد پنجاب کے ظالم اور سفاک زمیندار نے بھی بے زبان جانور کو بد ترین بہیمیت کا نشانہ بنا دیا۔ پنجاب کے شہر وزیر آباد میں گدھی پر بدترین تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آگیا۔
ظالم زمیندار نے کھیتوں میں داخل ہونے پر گدھی پر تشدد کیا، اس کے کان کاٹ دیے اور ٹانگوں پر درانتی سے حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق زمیندار اویس گجر کے تشدد سے گدھی کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جانور کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے، رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ ملک میں اس سے قبل بھی جانوروں پر تشدد کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ چند ہفتوں قبل سندھ کے شہر سانگھڑ میں مقامی وڈیرے نے ایک اونٹنی کے کھیت میں داخل ہونے پر کلہاڑی کے وار سے ٹانگ کاٹ دی تھی۔
اس واقعے کے 2 روز بعد حیدرآباد میں گدھے پر بہیمانہ تشدد واقعہ سامنے آیا، جبکہ اس کے چند روز بعد راولپنڈی میں جانورکے کھیت میں آنے پر اعضا کاٹنے کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آیا تھا۔ جہاں روات کے علاقہ میں ظالم شخص نے گدھی کے دونوں کان کاٹ ڈالے تھے۔