پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کردیا۔ منگل کی شام کو کوئٹہ سے پہلی پرواز 142 مسافروں کو لے کر سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوگئی۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب میں کوئٹہ جدہ فلائٹ سروس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، جی ایم بلوچستان عبدالغفار میاں خیل، اسٹیشن منیجر اے ایم دمڑ، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام بھی موجود تھے۔
موقر اردو نیوز کے مطابق گورنر نے پرواز کے مسافروں اور عمرہ زائرین کو رخصت کیا۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ الحمدللہ وعدے کے مطابق کوئٹہ سے سعودی عرب خصوصی عمرہ فلائٹ شروع کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی حکومت، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی کوششوں کو سراہا۔
جعفرمندوخیل نے کہا کہ اس احسن اقدام سے پورے صوبے کے عوام کو سعودی عرب جانے سے پہلے اسلام آباد، کراچی یا لاہور وغیرہ جانے کی مجبوری سے چھٹکارا حاصل ہوجائیگا۔
گورنر نے ہدایت کی کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ٹی ایم، کرنسی ایکسچینج اور سٹریچر کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور کوئٹہ سے روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے فلائٹ کو یقینی بنایا جائے۔