کابل : افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے جواب میں 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کردیا ہے۔
اشرف غنی کا کہنا ہے کہ عید ہمارے لئے خوشی کا پیغام لے کر آئی ہے، جنگ بندی کے اعلان خیر مقدم کرتے ہیں اورطالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
افغان صدر کے ترجمان صدیق صدیقی کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ اشرف غنی نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
صدیق صدیقی کا کہنا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ امن عمل کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فروری میں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ افغان حکومت 5000 طالبان قیدیوں کو رہا کرے گی جبکہ طالبان ایک ہزار افغان اہلکاروں کو آزاد کریں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا افغان طالبان کی جانب سے عید پرجنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم