اسلام آباد میں افغان قبضہ مافیا نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے، لوگوں کی وراثتی زمینوں پر قبضے کر لیے گئے جس کے دوران پولیس بھی مبینہ طور پر مافیا کا ساتھ دیتی نظر آئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے حلقہ 45 میں مافیا نے بااثر شخصیات سے گٹھ جوڑ کرکے غریب لوگوں کی وراثتی زمینوں پر قبضہ کر لیا جبکہ قبضہ مافیا میں زیادہ تر تعداد افغانی باشندوں کی ہے جو سرِ عام غیر قانونی اسلحہ استعمال کرتے ہیں۔ عوام نے ڈی سی اسلام آباد سے لے کر آئی جی اسلام آباد کو درخواستیں دیں، تاہم کوئی ایکشن نہ لیا گیا۔
عوام کی بار بار درخواستوں کے بعد پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے تاہم مذکورہ ایف آئی آر میں اسلحے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ تھانہ نون مبینہ طور پر قبضہ مافیا کے ساتھ مل گیا ہے۔ قبضہ مافیا نے آج یوسی 45 کی غریب خواتین کو یرغمال بھی بنائے رکھا جس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔
قبضہ مافیا کے سرغنہ اور چوہدری جہانگیر نامی بااثر شخصیت نے تھانہ نون کی حدود میں عوام کا جینا محال کر رکھا ہے جبکہ مافیا کا سرغنہ تھانہ نون کی مصالحتی کمیٹی کا چیئرمین بھی ہے۔ غریب افراد کے مکانات گرائے جا رہے ہیں اور مافیا ان کی زمینوں پر قبضوں میں مصروف ہے۔
شہریوں نے اسلام آباد کے علاقے میں بڑھتے ہوئے لینڈ مافیا کے اثر و رسوخ کے پیشِ نظر حکومتِ وقت سے اپیل کی ہے کہ تھانہ نون کے ایس ایچ او اور دیگر عملے کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور قبضہ مافیا کو گرفتار کیا جائے تاکہ یہاں کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قبضہ مافیا متحرک ہے جہاں ایف آئی اے کے مرحوم افسر کا گھر ہتھیانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں جس پر مرحوم کی بیوہ سمیت عوام الناس سراپا احتجاج ہیں۔
یہ واقعہ اسلام آباد کے علاقے تلہاڑ میں پیش آیا جہاں سابق یو ڈی سی، ایف آئی اےمحمد رمضان کی بیوہ کے گھر اور زمین پر قبضے کیلئے شوہر کا سگا بھتیجا قبضہ مافیا کے ساتھ مل گیا۔ مقامی اور باہر سے بلائے ہوئے اشتہاری مجرموں کے ذریعے بیوہ خاتون کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں گھر پر قبضے کی تیاریاں، عوام سراپا احتجاج