راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیٹوں سے فون پر بات کرنے کے خواہش مند ہیں تاہم اڈیالہ جیل انتظامیہ نے عمران خان کو انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرانے کے کیس کی سماعت کی جس کے دوران سپرنٹنڈنٹ جیل نے عمران خان کی بات کرانے سے انکار کیا۔
عمران خان کی ضمانت کیلئے 3 درخواستوں کی سماعت 16 اکتوبر کو ہوگی
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ گرفتار ملزمان کو بیرونِ ملک فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ عدالت نے قیدیوں سے فون پر بات کرانے کی جیل ایس او پیز 8روز تک طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی 3 درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔ وفاقی دارالحکومت میں درخواستوں کی سماعت 16اکتوبر کو ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ کھنہ میں ایک اور تھانہ بارہ کہو میں درج 2 مقدمات سے متعلق کیسز کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین 16 اکتوبر کے روز کریں گے۔
عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکی روشنی میں عمران خان کی عدم حاضری پر خارج شدہ ضمانت کی درخواستیں دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیں۔ اے ٹی سی نے سابق وزیر اعظم کی عدم حاضری پر ضمانت کی تینوں درخواستیں خارج کردی تھیں۔