پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدیل چوہدری اور فنکارہ سحر خان کو آنے والے نئے ڈرامے کے سیٹ پر شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے نئے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اداکار عدیل چوہدری موٹر سائیکل پر بیٹھے اور سحر خان کو اپنے پیچھے بٹھا لیا جس کے بعد موٹر سائیکل شدید جھٹکے ساتھ آگے بڑھا دی گئی۔
اداکار عدیل چوہدری نے موٹر سائیکل کو ون ویلنگ کے سے انداز میں آگے والا وہیل اوپر اٹھا کر تیزی سے آگے بڑھایا جس پر پیچھے بیٹھی ہوئی سحر خان گرتے گرتے بال بال بچیں۔
فیس بک پر حادثے کی ویڈیو آل پاکستان ڈرامہ پیج سے شیئر کی گئی۔ خوش قسمتی سے عدیل چوہدری اور سحر خان دونوں کو حادثے کے نتیجے میں کوئی چوٹ نہیں آئی جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
قبل ازیں 2014 میں عائشہ عمر اور اظفر رحمان کار میں شہرِ قائد سے حیدر آباد کی طرف سفر کرتے ہوئے کراچی سپر ہائی وے کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئے جس میں دونوں فنکار زخمی ہوگئے تھے۔
ماضی میں نمرہ خان کی کار کو بھی حادثہ پیش آگیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہوگئی تھیں۔ حادثے کے نتیجے میں اداکارہ کی ٹانگ بری طرح فریکچر ہوگئی۔اسی طرح لاہور میں حریم فاروق کو بھی حادثہ پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خوشگوار ازدواجی زندگی کا راز کسی پر نہیں کھل سکا۔فیصل قریشی