سرکاری ٹی وی چینل (پی ٹی وی) سے بے مثال شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی اداکار نے عوام کو مسکرانے پر مجبور کرنے کیلئے ایک نیا روپ دھار لیا، نعمان اعجاز جوکر بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی اور فلم اسکرین پر اداکاری کے جوہر دِکھا کر عوام سے داد وصول کرنے والے نعمان اعجاز نے مداحوں کو مسکرانے اور خوش رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے جوکر کی صورت میں اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو شیئر پلیٹ فارم انسٹا گرام پر شیئر کی گئی تصویر میں نعمان اعجاز ایک جوکر کے روپ میں نظر آئے جس پر مداحوں نے دھڑا دھڑ تبصرے شروع کردئیے۔ عوام کی زیادہ تر تعداد نے نعمان اعجاز کو اِس روپ میں بھی پسندیدگی کی سند عطا کی۔
اداکار نعمان اعجاز نے جوکر کے روپ میں تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں مداحوں سے کہا کہ اگر آج آپ مسکرائے نہ ہوں تو (میری یہ تصویر دیکھ کر) خوش رہیں، آباد رہیں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔
https://www.instagram.com/p/CFeZnG7hTSx/
یاد رہے کہ اِس سے قبل سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا کہ میری بری عادت ہے کہ میں اسکرپٹ پڑھتا نہیں ہوں ،مجھے جب رائٹر یا ڈائریکٹر کی جانب سے کردار کے بارے میں بریف کیا جارہا ہوتا ہے تو اسی وقت اپنے ذہن میں اس کا عکس بنا لیتا ہوں۔
نعمان اعجاز نے گزشتہ برس کہا کہ میں اسکرپٹ پر یقین نہیں رکھتا بلکہ یہ ایک ریفرنس ہے کہ گفتگو کیا ہونی ہے اور کیسے آگے چلنا ہے ۔میری بری عادت ہے کہ میں اسکرپٹ نہیں پڑھتا اور میں نے کسی پرڈیوسر سے اسکرپٹ لیا بھی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: اسکرپٹ پر یقین نہیں، کردار کا عکس بناتا ہوں۔نعمان اعجاز