کراچی میں آج صبح سے موسم خوشگوار ہے، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،درجہ حرارت 33 سے 34 ڈگری کے درمیان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی یا پھوار کا امکان بھی موجود ہے جبکہ شہر میں فی الحال کسی شدید گرمی کی لہر کا کوئی خطرہ نہیں۔ ماہرین کے مطابق کل سے سومالین تھرسٹ کے اثرات میں شدت متوقع ہے جو موسم کو مزید معتدل بنا سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رواں سال کا پہلا باقاعدہ مون سون اسپیل 25 جون سے شروع ہوگا، جو 2 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ کراچی میں 19 جون سے موسم مسلسل ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح و شام کے وقت ہلکی بوندا باندی بھی متوقع ہے۔
حالیہ شدید گرمی کی وجہ بحیرۂ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے سسٹم کو قرار دیا گیا ہے، جو اب بتدریج کمزور ہو رہا ہے، جس کے باعث کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور پری مون سون ہوائیں فعال ہو چکی ہیں۔
ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو اسلام آباد آج حبس کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہواؤں کی رفتار 2 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مشرقی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں آج سے پری مون سون ہوائیں مکمل طور پر سرگرم ہو چکی ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں 22 جون سے ان کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوں گے۔ جنوبی پنجاب، وسطی اور مشرقی علاقوں میں 24 سے 25 جون کے دوران مونسون ہواؤں کا باقاعدہ داخلہ متوقع ہے۔
خطہ پوٹھوہار، ہزارہ ڈویژن، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت جڑواں شہروں میں ہفتہ اور اتوار سے پری مون سون ہوائیں متوقع ہیں، جبکہ 24/25 جون سے مون سون ہواؤں کا پہلا طاقتور سلسلہ داخل ہو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ رواں مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، جو ایسے وقت میں تشویش کا باعث ہے جب پاکستان پہلے ہی شدید موسم، ہیٹ ویوز، خشک سالی اور گزشتہ برسوں کی تباہ کن بارشوں جیسے مسائل سے دوچار ہے۔