شہرِ قائد میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی جواں سال خاتون ٹک ٹاکر رمشا علاج کے دوران جاں بحق ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 21 اگست کو صبح کے وقت کراچی کے علاقے سعید آباد میں 21 سالہ رمشا پر اس کے شوہر نے تیزاب پھینک دیا۔ پولیس نے واقعے کے 2 روز بعد ہی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
بد ترین تیزاب گردی کے باعث رمشا بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئی جسے علاج کی غرض سے سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں داخل کرایا گیا تاہم رمشا کا علاج کامیاب نہ ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں:تیزاب گردی، خاتون نے شوہر کاکچا چٹھاکھول دیا،سنسنی خیز انکشافات
آج دورانِ علاج 21 سالہ ٹک ٹاکر رمشا دم توڑ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رمشا اور ذیشان کی کورٹ میرج ہوئی تھی اور فروری میں ہی رمشا کی طرف سے خلع کیلئے درخواست داخل کی گئی۔
عدالت میں دی گئی خلع کی درخواست کے بعد سے ذیشان نے رمشا کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ 21 اگست کو رمشا آفس جارہی تھی تو ذیشان مقتولہ پر تیزاب پھینک کر بھاگ نکلا۔
پولیس کے مطابق ملزم ذیشان اور مقتولہ رمشا دونوں ٹک ٹاکر تھے، تاہم ذیشان اپنی اہلیہ کو ٹک ٹاک بنانے سے روکتا تھا۔ تیزاب گردی کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم تاحال پولیس کی حراست میں ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل بیوی پر تیزاب پھینکنے کے کیس میں گرفتار ذیشان کا کہنا تھا کہ بیوی غیر مردوں کے ساتھ ٹک ٹاک بناکر بھیجتی تھی اس لئے غصے میں آکر تیزاب پھینکا۔
کراچی جوڈیشل مجسٹریٹ غربی میں بیوی پر تیزاب پھینکے کے کیس کی سماعت 28 اگست کو ہوئی،پولیس نے گرفتار 2 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔
مزید پڑھیں: غیر مردوں کیساتھ ٹک ٹاک بنانے پر تیزاب پھینکا، ملزم نے اعتراف کرلیا