محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن میں جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن، اربوں کے فراڈ کا انکشاف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور:اینٹی کرپشن لاہور نے محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن میں جعلی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مد میں اربوں روپے کے فراڈ کا سراغ لیا،ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق جعلی آرمی کی آکشن گاڑیوں کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب ہوئی ہے۔

ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن لاہور مفاد کنندگان کے ساتھ ملی بھگت کر کے جعلی آرمی آکشن پر گاڑیاں رجسٹر کیں۔ ای ٹی او، ایکسائز انسپکٹر سمیت تین افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ای ٹی او قاری غلام رسول اور ایکسائز انسپکٹر وحید مؤ نے پرائیویٹ ایجنٹ خرم گجر کے ساتھ ملکر سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان نے جعلی اور بوگس واؤچر پر گاڑیاں رجسٹر کیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے 465 جعلی گاڑیاں رجسٹر کیں۔ قاری غلام رسول اور انسپکٹر وحید مئیو خرم گجر کو جعلی واؤچر پر گاڑیوں کی رجسٹریشن بُکس جاری کرتے رہے۔

خرم گجر بازار سے گاڈر خرید کر چیسسز نمبر پنچ کروا کر چھوٹی بسیں اور لوڈر گاڑیاں تیار کرواتا رہا۔ ذرائع کے مطابق 30 ہزار جعلی لوڈر بسیں اور ٹرک مارکیٹ میں موجود ہیں۔ریکارڈ رجسٹر میں درج ویسپا اسکوٹر کے نمبر پر مارکیٹ میں ٹرک چل رہے ہیں۔

ایکسائیز کے ریکارڈ رجسٹر میں LEW-8350 کاوا ساکی موٹر سائیکل رجسٹر ہے مگر کمپیوٹر ڈیٹا کے مطابق لوڈر ٹرک چل رہا ہے۔ملزمان نے پروگرامر یونس گجر کے ساتھ ملکر LEK سیریز LWN پر منتقل کی۔

اس بد عنوانی میں شامل ایکسائز کے افسران خلاف پرچہ درج کرلیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق مقدمہ میں نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔ مزید تفتیش کے بعد خرم گجر اور باقی ملوث سہولت کاروں اور مفاد کنندگان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔