اسلام آباد: شہر اقتدار کی احتساب عدالت میں ملزمان کی جانب سے کورٹ رپورٹر پر تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی استدعا پر واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد احتساب عدالت واقعہ کی رپورٹ پیش کریں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے رجسٹرار ہائی کورٹ کو رپورٹ آئی جی سے منگوانے کا حکم دیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
اس کے علاوہ ایسوسی ایشن سے جہانگیر اسلم، سیکریٹری جنرل ذیشان سید،احتشام کیانی بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت میں ملزمان نے پولیس کے سامنے ہمارے صحافی دوستوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیرکا کہنا تھا کہ آئے روز اسلام آباد کچہری، احتساب عدالت میں صحافی دوستوں کے ساتھ ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:لیڈی کانسٹیبل اقراء قتل کیس،ایس پی عارف شاہ و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع مسترد