راولپنڈی:سینیئر سول جج (کریمینل ڈویژن) قذافی بن زائر کی جانب سے خاتون کی نازیبا تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل اور بلیک میل کرنے پر ملزم کو 13 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم یوسف ایوب کے خلاف 24 نومبر 2019 کو راولپنڈی کی رہائشی خاتون نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو درخواست دی تھی جس پر کیس فائل کیا گیا۔
خاتون کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزم یوسف ایوب نے ملازمت کا اشتہار دیا تھا جس پر ان سے رابطہ ہوا۔ ملزم نے چار لاکھ روپے بھی لیے اور کچھ عرصہ بعد ان کی نازیبا تصاویر بنا کر واٹس ایپ پر بھیجیں اور بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
خاتون نے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں کہا تھا کہ ملزم نے نازیبا تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلا کر ان کی عزت تار تار کی۔
عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر میاں عرفان جاوید نے لاہور کے رہائشی ملزم یوسف ایوب کو حراست میں لے کر ملزم کے قبضے سے برآمد کئے گئے موبائل فون سے مواد برآمد کیا جس کا فرانزک کرایا گیا۔
عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ملک سکندر زمان نے دلائل کے دوران بتایا کہ ملزم کے موبائل فون کے فرانزک آڈٹ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس نے کئی دیگر خواتین کو بھی ہراساں کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی،عمارت خالی کرانے کے تنازع پر فائرنگ، 3 مزدور جاں بحق