پولیس کے مطابق دہشت گردی میں ملوث مرکزی سہولت کار ملزم زیب کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے، خاکہ سی ٹی ڈی نے سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ جامعہ کراچی خودکش حملے میں استعمال کیا گیا بارود سے بھرا بیگ دہشت گرد زیب نے تیار کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دہشتگرد زیب بی ایل اے مجید بریگیڈ کے دہشتگردوں کو تربیت دیتا ہے اور کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں ملزم ہیبتان کی فیملی کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا۔
سی ٹی ڈی کے ریکارڈ کے مطابق دہشتگرد کی عمر 26 سال اور قد 5 فٹ 7 انچ ہے، جبکہ پورا نام زیب بروہی بلوچ ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشتگرد داد بخش عرف شعیب نے بھی اسی ملزم زیب سے تربیت حاصل کی، داد بخش کو 2020 میں افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت دی گئی۔
جامعہ کراچی میں 26 اپریل کو ہونے والے خودکش حملے میں تین چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔