کراچی: سکھر ملتان موٹر وے پر سندھ کے شہر گھوٹکی کے قریب حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملتان موٹر وے پر گھوٹکی کے علاقے ڈرنگ ملوک والی کے نزدیک مسافر بس ٹریلر سے جاٹکرائی۔ خوفناک تصادم کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے چاروں افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہسپتال گھوٹکی منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مسافر بس کا ملبہ اور ٹریلر ریسٹ ایریا منتقل کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آنے والے حادثے میں چینی شہری کی گاڑی کے نیچے آ کر پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔
گزشتہ روز سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ تھانہ مارگلہ کی حدود میں پیش آیا جہاں چینی شہری کی گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوگیا جو بے قابو ہو کر پاکستانی نوجوان پر چڑھ گئی۔ جواں سال شہری خوفناک حادثے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔