اسلام آباد: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف مقدمات سننے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اپنی ریٹائرمنٹ تک میڈیکل چھٹیاں مانگ لی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت ناساز ہے۔
ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر نے اپنی ریٹائرمنٹ تک کی میڈیکل چھٹیاں مانگ لی ہیں، وہ 14 مارچ 2024ء کو ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر کی جانب سے لکھا گیا خط ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو موصول ہوگیا۔ جج محمد بشیر نے 24 جنوری سے 14 مارچ تک چھٹیوں کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو خط لکھ دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کررہے ہیں اس کے علاوہ وہ بانی و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کی سماعت کررہے تھے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس سمیت دیگر اہم کیسز جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت تھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف، آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیس بھی جج محمد بشیر سن رہے ہیں۔