بولی وڈ اداکار عامر خان بہت جلد اپنی نئی فلم ستارے زمین پر کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں ،ٹریلر ریلیز ہوتے ہی فلم ایک مختلف وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگی ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ شروع کر دیا ہے خاص طور پر اس وقت جب عامر خان پروڈکشنز نے آپریشن سندور سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی۔
اگرچہ پوسٹ میں بھارتی مسلح افواج کی بہادری کو سراہا گیا مگر کئی صارفین نے عامر خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے بھارت پاکستان کشیدگی کے دوران مکمل خاموشی اختیار کی اور اب اپنی فلم کی کامیابی کے لیے محب وطنی کا سہارا لے رہے ہیں۔
اسی دوران ترکی میں عامر خان کی پرانی ویڈیو دوبارہ منظرعام پر آئی جس میں وہ ترکی کی خاتونِ اول امینہ اردوان کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ یہ ملاقات اُس وقت بھی تنازع کا باعث بنی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ کئی بھارتی صارفین ترکی کے خلاف ہیں کیونکہ ترکی نے پاکستان کی کھلے عام حمایت کی تھی۔ اسی وجہ سے بائیکاٹ ترکی کی مہم بھی کافی مقبول ہوئی تھی۔
ایک صارف نے لکھا کہ عامر خان نے ’ستیہ میو جیتے‘ جیسا شو بنایا اور خود ہی ویسا شخص بن گئے جن پر وہ تنقید کرتے تھے۔ اپنے ملک اور فوج کے لیے ایک لفظ نہیں کہہ سکتے کیونکہ شاید فلم متاثر نہ ہو جائے۔ اب وقت ہے کہ ستارے زمین پر کا بائیکاٹ کیا جائے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ عامر خان نے پہلگام حملے پر ایک لفظ نہیں کہا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بائیکاٹ ترکی ٹورازم کے بعد بائیکاٹ ستارے زمین پر مہم شروع کی جائے۔
انہوں نے ترکی کا دورہ کیا، صدر اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی جبکہ ترکی نے پاکستان کی حمایت کی۔ایک اور پوسٹ میں کہا گیا کہ عامر خان اپنی فلم ترکی میں ریلیز کریں، بھارت میں نہیں۔