کراچی:شہر قائد میں ملیر کینٹ روڈ پر واقع رہائشی اپارٹمنٹ کے فیلٹ سے خاتون کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
خاتون کے قتل کے الزام میں پولیس نے شوہر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ گرفتار ملزم کی مقتولہ خاتون سے دوسری شادی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لانیہ آرکیڈ کی چوتھی منزل پر واقع فلیٹ نمبر ڈی 402 ایک خاتون کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔ خاتون کی شناخت 45 سالہ امبر زوجہ سید وسیم عباس کے نام سے کی گئی۔ مقتولہ خاتون نجی بینک میں ملازمہ تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شبہ ہے کہ گرفتار ملزم نے اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کیا ہے، گرفتار ملزم وسیم نے 6 ماہ قبل خاتون سے دوسری شادی کی تھی۔ ملزم وسیم کی پہلی بیوی اسلام آباد میں مقیم ہے جس سے گرفتار ملزم کا ایک بیٹا بھی ہے۔
مزید پڑھیں:سوات کے سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی
ملیر کینٹ پولیس نے خاتون امبر کے قتل مقدمہ الزام نمبر 23/212 بجرم دفعہ 302 کے تحت بھائی فہد علاؤالدین کی مدعیت میں گرفتار شوہر وسیم عباس کے خلاف درج کر لیا۔