کراچی: سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 17 میں گزشتہ روز ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
جاں بحق خاتون کی شناخت ثنا زوجہ طارق کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے فوراََ بعد ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی اور ایس پی گلشن جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
عبدالرحیم شیرازی کے مطابق واقعہ ڈکیتی کا معلوم ہوتا ہے، جس وقت ملزمان آئے خاتون کار میں بیٹھی تھی، خاتون کا موبائل فون لاپتا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ کار میں خاتون، ان کا بھائی اور ایک بچہ میڈیکل اسٹور پر آئے تھے، مقتولہ کو ایک گولی کندھے پر لگی۔
امریکا میں قتل کا جرم ثابت ہونے پر پہلی بار ٹرانسجینڈر کوموت کی سزا دیدی گئی
ادھر پولیس نے گلستان جوہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں خاتون کی ہلاکت کا مقدمہ شاہراہ فیصل تھانے میں درج کرلیا۔ مقدمہ خاتون کے بھائی احسن طارق کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ جناح اسپتال میں خاتون کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔ لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر افشاں کے مطابق مقتولہ ثناء طارق کو جسم کے مختلف حصوں پر دو گولیاں لگیں، مقتولہ کو ایک گولی گردن اور دوسری پسلی کے نیچے لگی۔
لیڈی ایم ایل اونے بتایا کہ مقتولہ کو قریب سے دونوں گولیاں ماری گئیں، پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔