ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز سے ہرادیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا جس کے بعد 5.3 اوورز میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر پاکستان کی دوسری وکٹ 25 رنز پر گر گئی جب امام الحق 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹیم کو 86 رنز کی پارٹنرشپ فراہم کرکے سہارا دیا۔ تاہم 111 کے مجموعے پر 44 رنز بنانے کے بعد محمد رضوان رن آؤٹ ہوگئے، وہ رننگ کے دوران لڑکھڑا کر تیز نہ بھاگ سکے۔
نئے آنے والے بلے باز آغا سلمان 5 رنز کے مہمان ٹھہرے اور 124 کے مجموعے پر نیپال کے تجربہ کار بولر سندیپ لمیچنے کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے افتخار احمد آئے اور دونوں نے 131 گیندوں پر 214 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچایا۔
جواب میں نیپال کی ٹیم نے مایوس کن آغاز کیا۔ تاہم مڈل آرڈر نے کسی حد تک میچ اپنے ہاتھ میں رکھنے کی کوشش کی مگر نسیم شاہ اور حارث روف کی بالنگ کے سامنے یہ مزاحمت زیادہ دیر کھڑی نہ رہ سکی۔
وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے بعد آخر کار نیپال کی پوری ٹیم 24 ویں اوور میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔