نارتھ کراچی ٹاﺅن کے علاقے سیکٹر فائیو ای میں آوارہ کتے نے چھوٹی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا۔ علاقے میں آوارہ کتوں کی وجہ سے شدید خوف ہو ہراس پایا جارہا ہے۔
متاثرہ خاندان و علاقہ مکینوں نے بچی کو بروقت اسپتال منتقل کردیا، جس کی وجہ سے بچی کی جان بچ گئی۔ اس واقعہ کے بعد شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکٹر 5 میں 18 سے 20 آوارہ کتے موجود ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں خوف بڑھ رہا ہے۔
شہریوں نے میئر کراچی مرتضی وہاب، ڈی سی سینٹرل فواد غفار سومرو، ٹاﺅن میونسپل کمشنر صائم عمران اور دیگر نارتھ کراچی ٹاﺅن کی انتظامیہ سے یوسی 8 فیصل سیکٹر فائیو ای میں آوارہ کتوں کی بہتات کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت نوٹس نہ لیا گیا تو آوارہ کتوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا اور یہ کتے زیادہ سے زیادہ بچوں پر حملہ آور بھی ہوں گے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ عید سے پہلے ہی رمضان کے دوران ان آوارہ کتوں کیخلاف مہم شروع کی جائے تاکہ لوگوں کی جانیں محفوظ رہیں۔