بھارتی انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کو زبردست شکست ہوگئی، کانگریس نے جیت کا دعویٰ کر دیا۔ بی جے پی کے مخالف اپوزیشن اتحاد انڈیا کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی عوام نے مودی کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔
الیکشن نتائج کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے الیکشن میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے، خفیہ ادارے اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی، ہم نے پوری ریاستی مشینری کے خلاف الیکشن لڑا، مودی نے دلی کے چیف منسٹر کو جیل میں ڈالا، ہمارا بینک اکاؤنٹ سیز کیا اور پارٹیاں بھی توڑیں۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ میرے دماغ میں تھا کہ ہندوستان کے عوام اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں گے، میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں آپ نے ملک بچانے کا پہلا قدم اٹھا لیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس نے ہندوستان کو ایک نیا وژن دے دیا ہے، غریب عوام نے آئین کو بچا لیا ہے، جو بھی وعدے کئے تھے ہم انہیں پورا کریں گے۔