اسلام آباد:تھانہ انڈسٹریل ایئریا کے علاقہ آئی ایٹ تھری میں مسلح ڈکیتی کی واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار دو ڈکیت سی ڈی اے کے ریٹائرڈ ریونیو آفیسر راجہ آصف محمود سے گن پوائنٹ پر 90 لاکھ سے زائد مالیتی 65 تولہ طلائی زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعہ کی بروقت اطلاع کے باوجود پولیس 20 منٹ کی تاخیر سے موقع پر پہنچی جبکہ ایس ایچ او سمیت دیگر نفری جلسے میں مصروف ہونے کی وجہ سے رات گئے تک واقعہ کا مقدمہ تک درج نہ ہوسکا۔
متاثرہ ریٹائرڈ سرکاری آفیسر بینک کے لاکر سے سونا نکلواکر گھر لا رہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے ڈکیت نے گھر کے سامنے پہنچتے ہی ان سے چھین لیا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی۔
واقعہ 28 مارچ 2022ء کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب سیکٹر آئی ایٹ تھری کی گلی نمبر 76 میں پیش آیا۔ سی ڈی اے کے ریٹائرڈ ریونیو آفیسر راجہ آصف محمود اپنی سوزوکی سوفٹ گاڑی میں آئی ایٹ مرکز میں واقع حبیب بینک گئے۔
بینک لاکر سے 65 تولہ سونا نکلوا کر جیسے ہی گھر کے سامنے پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے انہیں دبوچ لیا۔ مسلح ملزمان نے بیگ چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی۔ تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
پولیس نے بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہے، تاہم بجلی کی معطلی کی وجہ سے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو نہ مل سکی۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم لندن کے سیکٹر انچارج رئیس مما کی سزا برقرار