ملک میں بارش برسانے والا ایک اور سسٹم انٹری دینے کو تیار ہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق 12 اور 13 مارچ کو پنجاب کے کئی اضلاع میں برسات کا امکان ہے، اتوار کو بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے میں بارشوں، ژالہ باری اور برفباری کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 9 مارچ سے ملک میں داخل ہوگا، 16مارچ تک بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ میں بھی بارشوں کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں، سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے رمضان میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
پی ڈی ایم اے پنجاب نے رمضان میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 9 سے16مارچ تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش و برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، اور میانوالی میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
اسی طرح لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ خوشاب، منڈی بہاؤالدین، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور میں بارش متوقع ہے، اسی طرح اوکاڑہ ، بہاولنگر، بہاولپور، خانیوال، لیہ، بھکر میں بھی بادل برسیں گے۔