لاہور: صوبائی دارالحکومت میں موٹرسائیکل پر سوار ایک مرد اور دو خواتین نے چلتی موٹرسائیکل سے نوزائیدہ بچی کو پھینک دیا، جو سر پر چوٹ لگنے سے دم توڑ گئی۔
حال ہی میں لاہور کے علاقے گورومانگٹ گلبرک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب موٹرسائیکل پر سوار ایک مرد اور دوخواتین نے نوزائیدہ بچی کو چلتی بائیک سے پھینک دیا، بچی سر پر چوٹ لگنے سے دو دن زندگی اور موت کی جنگ لڑتے لڑتے بالآخر دم توڑ گئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچی کی موت سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ واقعے کا پتا چلنے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے شرمناک واقعات معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔ سفاکانہ فعل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ غالب مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔