واٹر بورڈ کا نیا اسکینڈل، حکام کی ملی بھگت سے کروڑوں اندر، عوام دربدر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

A new scandal of Karachi Water Board has come to light

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی واٹر کارپوریشن نے عوام کو عید پر پانی کی فراہمی کے نام پر کروڑوں کا چونا لگادیا، عید پر شہریوں کو پانی کی فراہمی کے نام پر کروڑوں روپے لوٹ لئے گئے، شہری شدید گرمی میں بھی پانی سے محروم ہیں۔

ملا حسین گوٹھ میں عید پر شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے عارضی طور پر بنایا گیا ہائیڈرنٹ بدستور قائم ہے جس کے ذریعے یومیہ سیکڑوں ٹینکروں کے ذریعے پانی فروخت کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب آن لائن ٹینکر سروس کے ذریعے پانی کی درخواست کرنے والے شہریوں کے ٹینکر مہنگے داموں فروخت کرکے شہریوں کو بیوقوف بنادیا جاتا ہے، واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے آن لائن ٹینکر سروس کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

واٹر کارپوریشن کی ایپلی کیشن پر یومیہ ہزاروں شہری پانی کی درخواست کرتے ہیں تاہم واٹر کارپوریشن کی طرف سے شہریوں کو پانی فراہم نہیں کیا جاتا۔ شہریوں کی درخواستیں صرف اپنے ریکارڈ کیلئے درج کی جاتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ٹینکر کی فراہمی نہیں بلکہ شہریوں کے نام پر نکلنے والے ٹینکر بھی پرائیویٹ طور پر فروخت کرکے کروڑوں روپے کمائے جارہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کی ایپلی کیشن پر کئی کئی روز مسلسل کوشش کے بعد ریکویسٹ جاتی ہے کیونکہ جب بھی کوشش کریں تو ایپلی کیشن پر درخواست دینا ناممکن ہوتا ہے اور اگر بالفرض محال درخواست درج ہوبھی جائے تو پانی نہیں ملتا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن صرف لوگوں کا ڈیٹا جمع کرنے کیلئے یہ ڈھونگ کرتا ہے حقیقت میں شہریوں کو پانی نہیں دیا جاتا بلکہ شہریوں کے نام پر نکلنے والے ٹینکر بھی مہنگے داموں فروخت کردیئے جاتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن کا عملہ ہی نہیں بلکہ اعلیٰ حکام بھی اس کالے دھندے میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے اس کرپشن کو روکنا ناممکن ہے، شہریوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیربلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

Related Posts