بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے موبائل مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری نقصان ہوا ہے، اندر پھنسے ہوئے لوگوں نے جان بچانے کیلئے مال کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے علاقے کوربا میں واقع شاپنگ مال میں گزشتہ روز دوپہر کے وقت لگی۔ کپڑے کے شوروم میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے مال کی دیگر دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
’محمد‘ دنیا کا مقبول ترین نام بن گیا
تیزی سے پھیلتی ہوئی آگ کے باعث جتنے بھی بھارتی شہری شاپنگ کمپلیکس کے اندر تھے، سب پھنس گئے اور باہر کا راستہ تلاش کرنے لگے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسی دوران ایک دکاندار نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3منزلہ عمارت کی کھڑکی کے نیچے گدے بچھا دئیے۔
گدوں پر کود کر زیادہ تر شہریوں نے اپنی جان بچا لی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موبائل مال کوربا کے علاقے ٹی پی نگر میں واقع ہے، جہاں آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور انتہائی کڑی محنت سے آگ پر قابو پایا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں آگ کو موبائل مال کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ کی یہ 3 منزلہ عمارت دراصل میونسپل کارپوریشن کی ہے جس کی تعمیر شاپنگ کمپلیکس کی صورت میں کی گئی۔
عمارت میں واقع کپڑے کے شو روم میں لگنے والی آگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں جس کے متعلق ابتدائی تحقیقات میں یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ آگ بجلی کی لائن میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس سے شاپنگ مال کی کم و بیش 6دکانیں متاثر ہوئیں۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بھی اسی راستے سے لوگوں کو تلاش کرکے باہر نکالا جس سے پہلے چھلانگیں ماری گئی تھیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق آگ لگنے کے وقت عمارت میں 60 کے قریب بھارتی شہری پھنس چکے تھے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔