نئی دہلی: بھارت کی ریاست تریپورہ کے ضلع اناکوٹی میں ہندوؤں کی مذہبی رسم پوجا کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 6 ہندو جھلس کر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بدھ 28 جون کی شام ساڑھے چار بجے ضلع اناکوٹی کے علاقے کمار گھاٹ میں بھگوان جگن ناتھ کی یاترا جاری تھی کہ اس دوران مورتی بجلی کے ہائی ٹینشن تار سے ٹکرا گئی۔
مورتی کے ہائی ٹینشن تار سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکا ہوااور آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر 6 یاتری جھلس کر ہلاک جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں:بھارتی وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کو ووٹ بینک کے بھوکے لوگ قرار دے دیا
پولیس ذرائع کے مطابق لوگوں کا جم غفیر لوہے سے بنی مورتی کو کھینچنے میں مصروف تھا، اسی دوران مورتی اوور ہیڈ کیبل سے ٹکرا گئی۔