کراچی:وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شادی ہال مالکان کی مشکلات کا سندھ حکومت کو پوری طرح اندازہ ہے، کورونا کی وباء کے دوران دیہاڑی داڑ طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔
وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی وباء نے تمام شعبہ جات اور طبقہ ہائے زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، شادی مالکان کے تحفظات سے پوری طرح واقف ہیں ، وزیر اعلی سندھ کی مشاورت کے بعد جلد حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادی ہال مالکان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کی وباء سے معاشی صورت حال بری طرح متاثر ہوئی ہے، حکومت سندھ نے دل پر پتھر رکھ کر انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے سخت فیصلے کئے، تاہم وباء میں کمی کے ساتھ شادی ہالوں کی بندش کھولنے کا فیصلہ بھی جلد کرلیا جائے گا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے کئی اجلاس منعقد کئے ہیں اور ایس او پیز کے تحت کورونا کی وباء میں کمی کے ساتھ تمام کاروباری طبقوں کا اجازت دی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ آنے تک کسی بھی جلد بازی یا بیان بازی سے پرہیز کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دیہاڑی داڑ طبقے کی مشکلات کا سندھ حکومت کو پوری طرح ادراک ہے تاہم لوگوں کی جانوں پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں:شادی ہال مالکان کے مذاکرات کامیاب، وفاقی حکومت نے ہالز کھولنے کا عندیہ دے دیا