اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں سیاحت پر پابندی عائد کردی۔
وزارت داخلہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے جاری کردیئے ہیں جس کے تحت 8 مئی سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات میں مری، گلیات، سوات اور کالام جانے والی سڑکیں بند رہیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ساحلی علاقوں اور شمالی علاقہ جات جانے والی سڑکیں بھی بند رہیں گی جب کہ گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیاحت پر پابندی عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بھی رہے گی۔ سیاحتی مقامات اور اردگرد کے تمام ریسٹورنٹس، پبلک پارکس، ساحلی مقامات اور ہوٹل مکمل بند رہیں گے۔ عیدالفطر کی چھٹیوں میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق عید کی چھٹیوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائےگی۔ جبکہ اعتکاف، شب قدر، جمعۃ الوداع اور عید کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے انتظامیہ ہائی الرٹ رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے امیروں اور غریبوں کیلئے الگ الگ پاکستان بنا دیاہے، بلاول بھٹو