کراچی: پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسویسی ایشن اور سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے گلستان جوہر میں منعقد ہونے والے پہلے فرینڈ شپ اسکاؤٹس کیمپ کی سرگرمیاں زور شور سے جاری ہیں۔
پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسویسی ایشن اور سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے گلستان جوہر میں منعقدہ اسکاوٹس کیمپ میں 80 سے زائد اسکولوں کے 700 سے زائد اسکاؤٹس شریک ہیں۔
گزشتہ روز کیمپ کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے کیا، ان کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری سید اختر میر، رجسٹرار پرائیویٹ انسٹیٹیوشن رافعہ ملاح،ڈپٹی ڈائریکٹر اخلاق حسین، پی پی ایس اے کے سرپرست اعلی قاضی نور الاسلام، چیئرمین پرویز ہارون اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسکاؤٹس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے کہا کہ سندھ بھر کے پرائیویٹ اسکولز میں اسکاؤٹس تحریک کا آغاز خوش آئند اقدام ہے، پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے پہلا فرینڈشپ کیمپ منعقد کر کے احسن اقدام کیا ہے۔انجینئر عبدالرحمن اور ان کی ٹیم اس حوالے سے قابل ستائش ہے۔
رجسٹرار پرائیویٹ اسکول رفیعہ ملاح نے کہا کہ بچوں میں نظم و ضیط پیدا کرنے کیلئے انہیں باشعور شہری بنانے میں اسکاؤٹنگ کی تربیت بہت ضروری ہے۔
صوبائی سیکرٹری اختر میر نے کہا کہ پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا اجتماع کر کے بچوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر بچوں کے گزرے ہوئے دن اور تربیت انہیں زندگی بھر یاد رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے چیئرمین پرویز ہارون نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے تمام پرائیویٹ اسکولوں میں اسکاؤٹنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر قومی پرچم اور کیمپ کا پرچم لہرایا گیا، فضا میں غبارے چھوڑے گئے،جبکہ اسکاوٹس نے ٹیبلو پیش کیے، اسکاؤٹس کے دوسرے روز اسکاؤٹس کو ممبر شپ بیجز، ابتدائی طبی امداد اور ٹریفک رولز کی بابت آ گہی فراہم کی گئی۔ اسکاوٹس نے کیمپوں کی صفائی ستھرائی کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
مزید پڑھیں: محکمہ تعلیم کالجز کے تعصب پرست افسر نے پرنسپل کے تبادلے کے بعد تنخواہ بھی بند کرادی