اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اور روسی صدر نے دوطرفہ تعاون پر بھی گفتگو کی جبکہ وزیراعظم نے علاقائی سکیورٹی اور خوشحالی کیلئے افغانستان میں امن واستحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں پاک روس تعاون بڑھانے پر زور دیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان کیلئے انسانی بنیادوں پرامدادکی فوری فراہمی اور معاشی بحران سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس نازک مرحلے پر افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ روس سے تجارت اور سرمایہ کاری مستحکم کرنا روابط میں سنگ بنیاد ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے روسی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ روسی صدر نے بھی وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی۔
اعلامیے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر نے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں ایک اسکول ڈیسک کی قیمت 29 ہزار 500 روپے