اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے مرحوم و سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمہ بھارت کی مودی حکومت کا شرمناک اقدام ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 92 سالہ سید علی گیلانی کا جسدِ خاکی اہلِ خانہ سے چھیننا جو کشمیر کے سب سے محترم اور اصول پسند رہنما تھے، شرمناک اقدام ہے۔
پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کی مودی حکومت نے سید علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمات درج کیے جو اور بھی شرمناک ہے جس سے بھارت میں آر ایس ایس سے متاثرہ حکومت کا پتہ چلتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ علی گیلانی کے اہلِ خانہ پر مقدمات کا شرمناک اندراج بھارت کی نازی ازم سے متاثرہ آر ایس ایس اور ہندوتوا کی پیروکار بی جے پی حکومت کا ایک اور شرمناک اقدام ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
Snatching the body of the 92 year old Syed Ali Geelani, one of the most respected & principled Kashmiri ldrs, & then registering cases against his family is just another shameful example of India’s descent into fascism under the Nazi-inspired RSS-BJP govthttps://t.co/GUZswvIRwN
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 5, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف آزادی کے نعرے بلند کرنا مرحوم حریت رہنما کے اہلخانہ کا جرم بن گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے سید علی گیلانی کے لواحقین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مرحوم سید علی گیلانی کے اہلخانہ نے آزادی کے حق میں نعرے پولیس کی جانب سے حریت رہنما کی میت چھیننے کے دوران لگائے۔ سید علی گیلانی کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ بڈگام پولیس اسٹیشن میں گزشتہ روز درج کیا گیا۔
آج سے 2 روز قبل قابض بھارتی فوج کی جانب سے سید علی گیلانی کی میت ان کے گھر سے زبردستی لے جانے کے مناظر سامنے آئے۔ ویڈیو میں اہلخانہ کو چیخ و پکار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: حریت رہنما مرحوم سید علی گیلانی کے لواحقین کے خلاف مقدمہ درج