اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو ایشیاء کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے علم میں لایا گیا ہے کہ رواں برس ایشیاء کا اعلیٰ ترین رامن مگسیسے ایوارڈ ایک پاکستانی یعنی اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو عطا کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب کے اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں ایشیاء کا سب سے بڑا اعزاز بہت مبارک ہو، یہ کارنامہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ ہم ریاستِ مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کے قیام سے قریب تر ہو رہے ہیں۔
میرے علم میں لایا گیا ہے کہ اس سال ایشیاء کا اعلیٰ ترین ”رامن مگسیسے انعام“ ایک پاکستانی یعنی اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو عطا کیاگیاہے۔انہیں یہ اعزاز بہت مبارک! ان کا یہ کارنامہ ہمارے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہم ریاستِ مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست کے قیام سے قریب تر ہورہے ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 31, 2021
معاشی شعبے میں اعلیٰ ترین خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ایک ایسا مائیکروفنانس پروگرام تشکیل دیا جو سود سے پاک ہے جنہیں نوبل پرائز کے مساوی رامن مگسیسے ایوارڈ سے نوازا گیا جو پاکستانی قوم کیلئے بڑا اعزاز ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے اخوت کے نام سے مائیکروفنانس پروگرام شروع کیا جس سے لاکھوں غریب خاندانوں کو معاشی امداد میسر آئی اور تقریباً 20 برس بعد یہ پروگرام قوم کا سب سے بڑا مائیکروفنانس کا ادارہ بن گیا جس نے 90 کروڑ ڈالر تقسیم کیے۔
حیرت انگیز طور پر قرض لینے والے اخوت کو ادائیگی ہر حال میں کرتے ہیں، مائیکروفنانس پروگرام میں قرض واپسی کی شرح 100 فیصد رہی ہے۔ ڈاکٹر ثاقب کا کہنا ہے کہ انسان کی نیکی اور یکجہتی غربت کے خاتمے کیلئے کام میں لائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ