قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور کشمیر پریمیئر لیگ میں راولا کوٹ کے موجودہ کپتان شاہد آفریدی نے پی ایس ایل چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے اگلا سیزن میرے لیے آخری ثابت ہو۔
تفصیلات کے مطابق بوم بوم آفریدی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ اپنا آخری پی ایس ایل سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلنا چاہتا ہوں۔ ملتان سلطانز سے رخصت مل گئی تو کوئٹہ کو جوائن کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
کورونا کی روک تھام کیلئے پابندیوں سے تنگ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ میں نے کرکٹ کھیلنا بائیو سکیور ببل کے باعث بند کردی، کھلاڑیوں کیلئے ببل کی پابندیاں بہت مشکل ثابت ہوسکتی ہیں۔
ہمسایہ ملک میں تبدیلیوں پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی صورتحال پہلے سے مختلف ہے کیونکہ طالبان کرکٹ کے کھیل کو سپورٹ کرتے ہیں، سسٹم تبدیل کرنے کیلئے چہروں کی تبدیلی کافی نہیں۔
گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ تبدیلی کے نعرے پر عملدرآمد نچلی سطح سے شروع کرے۔ ممکن ہے کہ پاکستان پریمیئر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا سیزن میرے لیے آخری ثابت ہو۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میرے لیے پاکستان سے محبت کی کوئی حد مقرر نہیں۔ انہوں نے پاکستان کا پرچم بھی لہرایا۔
آج سے 17 روز قبل شیئر کی گئی ویڈیو میں شاہد آفریدی کو گھر کے صحن میں لگے کھمبے پر کشمیری پرچم لگاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ گھر کا صحن سبز ہلالی جھنڈیوں سے سجا ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: میرے لیے پاکستان سے محبت کی حد مقرر نہیں، شاہد خان آفریدی