کابل: طالبان نے پاکستان میں سرحد پار سے فائرنگ پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لوگ پاک افغان سرحد پر باڑ سے خوش نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاک افغان سرحد پر فائرنگ سے دو فوجی جوانوں کی شہادت پر پاکستان نے افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے کی شدید مذمت کی جس پر طالبان کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہمارے لوگ پاک افغان سرحد پر باڑ سے خوش نہیں ہیں۔ افغانستان میں نئی حکومت بن جائے تو اس پر واضح ردِ عمل دیں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
افغان طالبان کے ترجمان نے کہا کہ سرحد پار افغان عوام کے قریبی رشتہ دار بستے ہیں۔ نئی افغان حکومت پاکستان کو مطمئن کرے گی تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین باڑ کی ضرورت ہی باقی نہ رہے۔
طالبان رہنما ذبیح اللہ مجاہد نے دہشت گردی کی ہر لحاظ سے مذمت کرتے ہوئے اپنا سابقہ مؤقف دہرایا اور کہا کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں نے پاک فوج پر شدید فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کی حدود سے پاک فوج کے جوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی پر پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز شدید احتجاج کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاک افغان بین الاقوامی بارڈر پر قائم پاک فوج کی چوکی پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔
مزید پڑھیں: پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کے 2جوان شہید