لاہور:وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آنے والے تمام غیر ملکیوں کو 21 دن کا ٹرانزٹ ویزا دیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سمجھا جا رہا تھا ہمیں افغانستان میں قربانی کا بکرا بنایا جائے گا، پاکستان کی پالیسیاں کامیاب ہیں، بھارتی خارجہ پالیسی ایسے ہے جیسے کھسیانی بلی کھمبا نوچے،بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے کابل دھماکے کا 4 دن پہلے بتا دیا تھا، انہوں نے کہا کہ بھارت نے خصوصی طور پر مجھے نشانہ بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکیوں کو 21 دن کا ٹرانزٹ ویزا دیا جا رہا ہے، 1480 افراد کو طورخم سے انٹری دی ہے، افغانستان سے آنیوالوں کیلئے اسلام آباد کا نیا اور پرانا ایئرپورٹ مختص کر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جب شہباز شریف بولتے ہیں تو مریم اور نواز شریف خاموش ہو جاتے ہیں، جب نواز شریف اور مریم بولتے ہیں تو یہ خاموش ہو جاتے ہیں، میری اور شہبازشریف کی پارٹی دل سے ایک ہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہے۔
مزید پڑھیں: موجودہ صورتحال میں پاک فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کےلیے تیار ہے، میجر جنرل بابر افتخار