کورین بینک نے کراچی میں آئی ٹی پارک بنانے کیلئے 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کی خطیر رقم قرض کے طور پر دینے کیلئے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایگزم بینک کوریا نے شہرِ قائد میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت کو 15 کروڑ 80 لاکھ روپے قرض کے طور پر دینے کی ہامی بھر لی جس کیلئے باضابطہ معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: انجینئر کا کارنامہ، کورین ٹیکنالوجی سے ڈبل اسٹوری گھر 7دن میں تعمیر
نئے فریم ورک 26-2022 کے تحت ایگزم بینک کوریا نے پاکستان کیلئے مالی معاونت 50 کروڑ ڈالر سے 1 ارب ڈالر تک لانے کا فیصلہ کیا جس کے اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کے روز وزیرِ اقتصادی امور عمر ایوب سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال اور پاک کوریا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس دوران کراچی میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کیلئے قرض دینے سے متعلق معاہدہ ہوا جس کا مقصد سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کوریا کے سفیر سو سانگ پیو نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) طے کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوریا اورپاکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے آزاد تجارتی معاہدہ انتہائی ضروری ہے تاکہ دونوں ملکوں کی تاجربرادری ایک دوسرے کے ملکوں میں دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔
گزشتہ ماہ کورین سفیر نے یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کی پاکستان کوریا بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل نثار سے اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر تجارتی تعلقات اور نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے کے امور پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔
مزید پڑھیں: کوریاپاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ طے کرنے کیلئے تیار