حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی شاپنگ پر پابندی عائد کردی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی شاپنگ پر پابندی عائد کردی
حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی شاپنگ پر پابندی عائد کردی

لاہور: حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی شاپنگ پر 30 اگست کے بعد پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا، ویکسین سرٹیفکیٹ نہ دکھانے والے خریدوفروخت نہیں کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور نے مارکیٹ میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ نہ لے کر آنے والوں کی آمد پر پابندی عائد کرنے سے متعلق بینر آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔ ویکسین نہ لگواننے والے لاری اڈے سے سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔

کمشنر لاہور کے احکامات کے مطابق کالجز میں طلبہ کیلئے ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو کورونا کی ویکسین لگانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 3 لاکھ 82 ہزار 332 کیسز اور11 ہزار 605 اموات رپورٹ ہوئیں۔ پنجاب حکومت نے سینما ہالز، مزارات اور جمز پر پابندی عائد کردی جبکہ مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

دوسری جانب عوام کی بڑی تعداد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد میں تعاون نہیں کرتی۔ بہت کم تعداد میں لوگ ماسک پہنے ہوئے یا سماجی فاصلے کا خیال رکھتے نظر آتے ہیں جس پر شہری انتظامیہ جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ دیگر اقدامات اٹھانے پر مجبور ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 4 ہزار 75 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 91 مزید شہری جاں بحق ہوگئے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا سے 11 لاکھ 31 ہزار 659 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 25 ہزار 94 افراد انتقال کر گئے۔

کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار943 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 73 لاکھ 36 ہزار393 ہوگئی۔ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 6 اعشاریہ 79 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 مزید پڑھیں: کورونا کے 4ہزار 75 نئے کیسز رپورٹ، 91 مزید شہری جاں بحق

Related Posts