کراچی: جوبلی مارکیٹ میں نالوں پر قائم دکانوں سمیت ناجائز تجاوزات گرانے کا کام شروع ہوگیا ہے جس کے دوران مزاحمت پر متعدد دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جوبلی مارکیٹ میں نالوں پر قائم دکانیں گرانے کیلئے انسدادِ تجاوزات آپریشن شروع کردیا گیا۔ آپریشن کے خلاف تاجروں نے شدید مزاحمت کی۔
پولیس نے مزاحمت کرنے والے تاجروں کے خلاف لاٹھی چارج شروع کردیا۔ متعدد دکانداروں کو تعاون نہ کرنے اور شدید مزاحمت پر حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے تمام اضلاع میں کے ایم سی کی جانب سے انسداد تجاوزات آپریشن شروع کردیا گیا۔ کارروائی میں کے ایم سی کی 23 ٹیمیں حصہ لینے کیلئے سامنے آئیں۔
آپریشن میں شامل کے ایم سی کی ٹیموں کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں گجر نالہ پر قائم تجاوزات کو 10 مقامات سے مسمار کیا گیا۔ نالے کے دونوں اطراف آپریشن کیا گیا۔اورنگی نالے کے 6 مقامات پر تجاوزات کا صفایا کردیا گیا۔
اورنگی نالہ کراچی کے تین اضلاع سے گزرتا ہے ٹیموں کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں اللہ دین کے ساتھ قائم پویلین اینڈ پر بھی انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا، جہاں 2 ٹیمیں پارک لینڈ کو مسمار کرنے میں مصروف رہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی، بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشن،23 ٹیموں کی کا رروائیاں
قبل ازیں سندھ حکومت نے انسداد تجاوزات آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ کیا، جس کیلئے کمیشن بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
شہرِ قائد میں انسداد تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کے لیے حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ کمیشن کا مسودہ بیرسٹر مرتضی وہاب نے گزشتہ ماہ تیار کیا۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو متبادل پلاٹ دینے کا فیصلہ