ملتان: ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کروڑ روپے مالیت کی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے ملتان ائرپورٹ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اے ایس ایف حکام نے غیرملکی ایئرلائن کے ذریعے بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے 2 کلو ہیروئن قبضے میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر سلیم خان نے 2 کلو ہیروئن اپنے سامان میں مہارت سے چھپا رکھی تھی، ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید کارروائی کے لئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔