کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے اراکینِ اسمبلی آفتاب صدیقی اور خرم شیر زمان ڈی پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے دفتر پہنچے جہاں ان کی ایسوسی ایشن کے ذمہ داران سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و رکنِ قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی گزشتہ روز اللہ والا کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے آفس پہنچے، اللہ والا کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر آصف گلفام سمیت کابینہ ذمہ داران سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کو ایسوسی ایشن کی جانب سے مارکیٹ کا دورہ کرایا گیا اور مارکیٹ میں درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔مسائل میں نکاسئ آب کی بہتری اور آرام باغ پارک میں زیرِ زمین پارکنگ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
اللہ والا کلاتھ مارکیٹ کی انتظامیہ نے وزیراعظم عمران خان کے جاری کردہ فنڈز سے ترقیاتی کام کروانے پر رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان اور آفتاب صدیقی ڈی پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن پہنچے۔
چیئرمین شاہد اکرم گوچا، سینئر نائب صدر محمد حنیف لاکھانی، نائب صدر محمد فرحان اشرفی،نائب صدر کامران علی ماگن اور ایسوسی ایشن کی جانب سے اراکین اسمبلی آفتاب حسین صدیقی اور خرم شیر زمان کا استقبال کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات میں آفتاب حسین صدیقی اور خرم شیر زمان نے ڈی پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ہمراہ مارکیٹ کا دورہ کیا اور درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی جن میں ایف بی آر اور ٹیکس مسائل شامل تھے۔
رکنِ قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی اور رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے ایسوسی ایشن کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے وزراء سے ملاقات اور مارکیٹ کے مسائل جلد سے جلد حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان کو ڈی پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک اور یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اراکینِ اسمبلی نے ایسوسی ایشن مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے پروگرام گول کے پانچ سال مکمل