اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں کورونا وباء ایک بار پھر اپنا زور دکھانے لگی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سوشل میڈیا پر شہریوں کو مطلع کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار دنوں میں اسلام آباد میں کرونا وائرس کی مثبت شرح ایک سے بڑھ کر پانچ فیصد ہو گئی ہے، جن علاقوں میں کرونا وائرس کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں انکو سیل کیا جارہا ہے۔
حمزہ شفقات نے کہا کہ گلی نمبر 13 قربان ٹاؤن کھنہ، گلی نمبر 19، سیکٹر جی الیون ٹو، گلی نمبر 19 ایف سکس تھری، گلی نمبر 24 جی سیون ٹو، گلی نمبر 29 ایچ بلاک سواں گارڈن، کیپس اکیڈمی پی ڈبلیو ڈی اور ماڈل سکول فار بوائز ایف ایٹ تھری کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے کے سبب ان تمام مذکورہ علاقوں کو پیر صبح نو بجے بند کر دیا جائے گا، جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
جبکہ دوسری جانب راولپنڈی میں کورونا وائرس کی خطرناک ڈیلٹا قسم کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو ایسٹرازینیکا کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں آئندہ ہفتے ملنے کا امکان